لاہور(خبر نگار)پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان سے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے پی آئی اے ہیڈ آفس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے پی آئی اے کی جرمنی کے لئے پروازیں شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے مشرف رسول نے کہا کہ اعداوشمار اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد مارکیٹ کی ضرویات کا بغور جائزہ لینے کے بعد تجارتی بنیادوں پر فیصلے کئے جائیں گے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے جرمن سفیر سے پی آئی اے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے لئے یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی سرٹیفکیٹ کی دوبارہ تصدیق کے حصول میں کردار ادا کرنے کو کہا۔ جرمن سفیر کوبلر نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی، تجارتی، سماجی اور دوستانہ روابط مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں جن کے فروغ میں پی آئی اے نے اہم کردار اداکیا ہے۔