اسلام آباد/ لاہور/ گوجرانوالہ/ شیخوپورہ‘ ننکانہ/ قصور/ حافظ آباد (خبرنگار/ وقائع نگار خصوصی/ نامہ نگاران) مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے‘ بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پیپلز پارٹی نے لاہور، میانوالی، سرگودھا، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، وہاڑی، قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نواب شاہ، کشمور، حیدر آباد، لاڑکانہ، آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے، احتجاج کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پیپلز پارٹی نے شہر شہر ریلیاں نکالیں اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور نامنظور کی صدائیں بلند کیں۔ ملتان میں جیالوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران خوب نعرے لگائے۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی پی پی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ وہاڑی میں بھی جیالے سڑکوں پر آئے، دھرنا دیا اور نعرے لگائے۔ سکھر میں پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ لاڑکانہ میں جیالوں کی بڑی تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔ بالخصوص خواتین نے مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اور نعرے لگا کر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول نے ملتان کے بعد دیگر شہروںکے جلسوں کا شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے 5 شہروں میں جلسوں کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول کے جلسوں کیلئے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا اجلاس آج ملتان میں ہو گا۔ اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے عمران خان سیاسی بصیرت سے عاری ہیں ان کی سیاست تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، خادم اعلیٰ کی نا م نہاد گڈ گورننس کا پول کھل گیا ہے ،عوام انتظار کریں آنے والے دنوں میں شریف اشرافیہ کی لوٹ مار کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی جس سے یہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا نوازشریف کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں ۔ نواز حکومت نے ملک کو قرضوں میں جکڑ دیا ہے خودیہ حکمران کمیشن کھانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ ملک غریب اور شریف خاندان اوران کے چیلے امیر ہورہے ہیں یہ کیسی ترقی ہے لاہورکے ہسپتالوںمیں مریضوں کو ادویات اوربیڈ میسر نہیں آتا۔ ہم نے نوازشریف کے تینوں ادوار میں جواںمردی سے انتقامی کاروائیوں کا مقابلہ کیا اور عدالتوں سے سرخرو ہوئے ۔ شریف خاندان اختلاف کا ڈرامہ رچاکر احتساب سے بچنا چاہتا ہے عوام ان کی چالوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ انہوںنے کہاشریف خاندان وی آئی پی احتساب پر بھی چیخیں ماررہا ہے تاکہ عوام کودھوکا دیا جاسکے ۔ ہمارا مطالبہ ہے نیب ملک بھر میں احتساب کا یکساں پیمانہ اپنائے۔ آصف زرداری نے کہا عمران خان نے گزشتہ چار برسوں میں افراتفری ، نفرت اور گالی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھا یا ہے اپوزیشن کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، ان کی سولو فلائٹ کا سب سے زیادہ فائدہ نوازشریف کو ہوا۔ عوام نے خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی نا م نہاد تبدیلی دیکھ لی ہے وہاں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اورکپتان تبدیلی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا اگلا دور پیپلزپارٹی کا ہوگا اورانشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں پیپلزپارٹی چاروں صوبوں میں کامیابی حاصل کرے گی۔ خبرنگار کے مطابق پیپلز پارٹی لاہور کی جانب سے پریس کلب کے سامنے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کی۔ اس موقع پر ثمینہ خالد گھرکی، فائزہ ملک، عابد حسین صدیقی، فیصل میر، اسلم گل، خرم فاروق، نورین سلیم، کے ڈی رانا اور نرگس خان کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ قائدین نے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگی حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق پیپلز پارٹی ضلع گوجرانوالہ کے صدر رائو اکرام علی خان ودیگر عہدیداران نے پریس کلب گوجرانوالہ کے باہر پیپلز پارٹی سٹی و ضلع گوجرانوالہ کے زیراہتمام حکومت کیخلاف ریلی نکالی۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکمران اپنی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو ان کے اعمالوں کی سزا مل رہی ہے جس کا بدلہ وہ پاکستانی عوام سے لے رہے ہیں احتجاجی ریلی میں جاوید الحسن وڑائچ، سرفراز احمد ساہی، ظفر اللہ خاں چیمہ ، رانا شہباز علی ایڈووکیٹ ، ذوالفقا ر علی چیمہ ، سیٹھ محمد مشتاق ، یاسر موکھڑ ،میاں راشد طفیل ، قاری تنویر ، ولائت علی مغل ، میاں سعید ، خالد اسلام ڈار ، مسرت خلجی ، تیمور ڈار ، مہرو ڈوگر ، راجہ خالق ، راحت ورک ، شیخ احسن اقبال کے علاوہ سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ حافظ آباد/ ونیکے تارڑ سے نمائندہ نوائے وقت/ نامہ نگار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ضلعی سیکریٹریٹ سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پی پی پی کے سابق ایم۔پی۔ اے ملک محمد وزیر اعوان اور ڈاکٹر معراجدین، رانا آفتاب، سید مصدق حسین غزنوی، محمد اکرم مجاہد ، قاسم بھٹی ، محمدیحی انصاری و دیگر نے کی۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق ننکانہ صاحب میں بھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کیا۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پریس کلب قصور کے سامنے پیپلز پارٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے کلاف نعرے درج تھے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پیپلز پارٹی ضلع شیخوپورہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک جاوید اکبر ڈوگر نے کی، اس موقع پر سٹی صدر سید ندیم عباس کاظمی، سابق ضلعی صدر محمد آصف خان، چوہدری خالق عزیز مت ورک، یاور الطاف ورک، رانا محمد اکرم ناز، سیٹھ غلام رسول، مرزا ہارون الرشید، جمشید شہباز، عمران صفدر گجر، محمد عمران خان بھٹی ایڈووکیٹ، میاں عدنان سعید، افتخار علی بھٹی، رانا ندیم سرور، رضا خان جمالی، حاجی سیٹھ محمد یٰسین کرمانوالہ، رانا عدنان ، میاں عمران سعید، آصف الیاس گل، ملک صدیف اکبر کھوکھر، سید تنویر شاہ ، سید اطہر حسین شاہ، محمود احمد اختر ، سید علی مہدی، محمد مالک جٹ، میاں عدنان سعید، میاں عمران سعید، ظفر کمبوہ، رانا عدنان ، رئوف عنایت کھوکھر سمیت دیگر رہنمائوں و کارکنان موجود تھے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک جاوید اکبر ڈوگر اور سٹی صدر سید ندیم عباس کاظمی نے کہا عالمی منڈی میں پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی جبکہ پاکستان میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق انہوں نے پٹرول اور مہنگائی میں اضافہ پر کراچی پریس کلب پر کراچی ڈویژن کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے بازی، ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا عوام پر پٹرول بم گرا کر 22کروڑ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پشاور پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔