فوجی‘ سفارتی تناؤ کے باوجود پاکستان‘ بھارت کے درمیان روابط برقرار

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) دو طرفہ روابط کی کم تر سطح، سفارتی تنائو اور کنٹرول لائن پر فوجی کشیدگی کے باوجود پاکستان اور بھارت کے سلامتی مشیروں کے درمیان براہ راست رابطہ برقرار ہے جو جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان خراب تعلقات کے دور میں نیک شگون ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کے مشیر سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ اور ان کے بھارتی ہم منصب اجیت دوول کے درمیان اگرچہ ہاٹ لائن تو قائم نہیں لیکن وہ براہ راست ٹیلیفون پر اور بالواسطہ، دونوں طریقوں سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور سلامتی سے متعلق امور، اس شعبے میں کسd واقعہ یا پیشرفت پر ان کے درمیان بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ دونوں سلامتی مشیروں کے درمیان ہاٹ لائن نہ ہونے کے باوجود ، دونوں ملکوں کے درمیان تواتر سے قائم رہنے والا یہ واحد رابطہ ہے۔ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز برائے ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن قائم ہے جس پر ہفتہ وار رابطہ ہوتا ہے اور بسا اوقات ناغہ بھی ہو جاتا ہے۔ لیکن اس ہاٹ لائن پر صرف فوجی صورتحال زیر غور آتی ہے لیکن سلامتی مشیروں کے درمیان بات چیت میں سلامتی سے متعلق وسیع ایجنڈے پر غیر رسمی گفتگو کی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں کئی غلط فہمیوں کا ازالہ ہو جاتا، متعدد بار دہشت گردی کی کئی وارداتوں کا بروقت تدارک کیا گیا۔ اس ذریعہ کے مطابق پاکستان کے مشیر سلامتی، افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی دہشت گردوں کے معاملہ بھی کئی بار ان رابطوں کے ذریعہ اٹھا چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن