دبئی: طالبان اور افغان حکام کو ایک میز پر بٹھانے کیلئے بلائی گئی کانفرنس ملتوی

اسلام آباد (این این آئی) طالبان اور حکومتی عہدیداروں سمیت کئی اہم افغان شخصیات کو غیر حکومتی سطح پر ایک میز پر بٹھانے کیلئے دبئی میں بلائی گئی کانفرنس ملتوی ہوگئی ہے ۔ یہ غیر حکومتی ڈائیلاگ اس ماہ کے پہلے ہفتے میں ہونا تھے۔ کانفرنس میں مدعو بعض شخصیات نے بتایا کہ اس غیر حکومتی بات چیت کا اہتمام خلیل ساپی نامی افغان نے کیا تھا جو کہ پگواش تحقیقاتی ادارے کا افغانستان کیلئے نمائندہ ہے پگواش اس سے پہلے اس طرح کئی غیر حکومتی ڈائیلاگ منعقد کر چکی ہے۔ دبئی کی کانفرنس کیلئے مدعو ایک افغان شخصیت نے کہاکہ امکان ہے کہ کانفرنس اس ماہ کے اواخر میں ہو جائے ان کے مطابق کئی شرکاء کو وقت پر ویزے نہیں ملے جس پر کانفرنس ملتوی کر دی گئی۔ عرب سفارتی ذرائع نے کہاکہ شاید متحدہ عرب امارات کے حکام کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا یہ بھی التواء کا سبب ہوسکتا ہے۔ طالبان ذرائع کے مطابق وہ غیر حکومتی سطح پر ہر مکالمے میں حصہ لیں گے تاہم طالبان حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کرینگے اور پہلے مرحلہ میں امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات چاہتے ہیں۔ طالبان کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ انہوں نے مذاکرات کیلئے امریکی فوجیوں کے انخلاء کی شرط رکھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن