ملتان،لاہور(نامہ نگاران) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پیپلز پارٹی نے لاہور، میانوالی، سرگودھا، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، ساہیوال، پاکپتن، وہاڑی، قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نواب شاہ، کشمور، حیدر آباد، لاڑکانہ، آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں، احتجاج کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پیپلز پارٹی نے شہر شہر ریلیاں نکالیں اور کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور نامنظور کی صدائیں بلند کیں۔ ملتان میں جیالوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران خوب نعرے لگائے۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بھی پی پی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ وہاڑی میں بھی جیالے سڑکوں پر آئے، دھرنا دیا اور نعرے لگائے۔ سکھر میں پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ جیالوں نے فیصل آباد میں احتجاج کے دوران یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔ لاڑکانہ میں جیالوں کی بڑی تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔ بالخصوص خواتین نے مظاہرے میں بھرپور شرکت کی ۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول نے ملتان کے بعد دیگر شہروںکے جلسوں کا شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے 5 شہروں میں جلسوں کا فیصلہ کیا ہے۔ بلاول کے جلسوں کیلئے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا اجلاس آج ملتان میں ہو گا۔
پیپلز پارٹی ملتان کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، سٹی صدر ملک نسیم لابر، میاں کامران عبداللہ مڑل، ڈاکٹر جاوید صدیقی، بابو نفیس انصاری، راؤ ساجد علی، اے ڈی خان بلوچ، شیخ غیاث الحق، سید عارف شاہ، مرز انذیر بیگ، چوہدری یاسین، ریاض رضا، خالد حنیف لودھی، حبیب اللہ شاکر، ایم سلیم راجہ، رئیس الدین قریشی، خواجہ عمران، شہناز لودھی، راضیہ رفیق، سٹی نائب صدور مشتاق بلوچ، شریف خان، نذر محی الدین بھٹہ، ساجد بلوچ، اللہ بخش بھٹہ ، حاجی امین ساجد، وحید الحسن بھٹہ، حاجی مشتاق انصاری، آفتاب شبیر چانڈیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ملتان سٹی وضلع کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لئے پیپلز پارٹی ملتان ڈویژن کے جنرل سیکرٹری وسابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیقی کی زیر قیادت صوبائی حلقہ 197کے عہدیداران وکارکنان کے قافلے میں صدر مظہر نواز خان، شفیق سندھو، حاجی شرف بھٹی ، سید فرحان ظفر گیلانی، سید عالم زیدی، حاجی اکرم انصاری، شریف خان جمند ، میاں خضر حیات قریشی ، خواجہ احمد سعید، قسور حیدری، حاجی شوکت انصاری سمیت سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کا پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں اضافے ، لوڈ شیڈنگ کیخلاف ملک گیر احتجاج ، ریلیاں ، مظاہرے
Nov 06, 2017