راولپنڈی (نیوز رپورٹر)پاکستان نعت کونسل کا گیارہواں سالانہ قومی مقابلہ حسن نعت کا انعقادقائد اعظم ہال ضلع کچہری راولپنڈی میں ہوا جس میں پاکستان بھر اور پورے آزادکشمیر سے پچاس ضمنی مقابلوں میں منتخب ہونے والے 50سے زائد بچیوں اور بچوں نے حصہ لیا ۔مقابلے کی تین کیٹیگریاں بنائی گئی تھیں۔ پہلی کیٹیگری میں 12سال تک کے بچے اوردوسری کیٹیگری میں12سال تک کی بچیاں شامل تھیں۔ تیسری کیٹیگری میں 22سال تک کے نوجوان تھے۔ اس موقع پر بہت روح پرورمناظر دیکھنے میں آئے ۔ دوردراز سے آنے والے بچے اور بچیاں اپنے والدین اور خاندان کے ہمراہ صبح سویرے وقت سے پہلے پہنچ چکے تھے۔ شہربھر سے معروف شخصیات اور عوام الناس کی دلچسپی بھی لائق تحـسین تھی ۔ پاکستان نعت کونسل کے چیف آرگنائز میاں عبدالقیوم ترازی ایڈووکیٹ نے کہا کہ نعت کونسل پاکستا ن کے نونہالوں میں جذبۂ عشقِ رسول ﷺ، ادب رسولﷺ اور اطاعت رسول ﷺ کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ ان مقابلوں سے بچوں اور بچیوں میں نعت کا ذوق بیدار ہورہا ہے اور نبی آخری الزماں ﷺ سے ان کے تعلق میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اس موقع پر تمام بچوں کو میڈل اور انعامات دیے گئے2 2سال تک نوجوانوں میں پہلا انعام موٹرسائیکل تھا۔ دیگر انعامات میں سائیکلیں ، سلائی مشینیں اور جیولری سیٹ شامل تھے۔
پاکستان نعت کونسل کا گیارہواں سالانہ قومی مقابلہ حسن نعت
Nov 06, 2017