قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں شامل کرناعوام کی آواز ہے: آفتاب شیرپائو

پشاور(بیورورپورٹ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنا قبائلیوں کے دلوں کی آواز ہے جس سے نہ صرف قبائلی عوام سے طویل عرصہ تک ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ ہوگابلکہ پختونوں کی آوازبھی موثر ہو گی۔قبائل کو قومی دھارے میں لانا وقت کی ضرورت ہے جبکہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کے سلسلے میں تاخیر سے پختونوں میں مایوسی و چینی بڑھتی جارہی ہے لہٰذا الیکشن سے قبل فاٹا کو ہر صورت میں خیبر پختونخوا میں ضم کیا جا ئے۔ قبائلی نوجوان اور طلباء فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کے سلسلے میں میدان میں نکل پڑے ہیں جبکہ ان کی جدوجہد کو دبانا ناممکن ہے۔قومی وطن پارٹی کی طرف سے ڈنکے کی چوٹ پر فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کیلئے عملی جدوجہد جاری ہے بعض سیاسی جماعتوں کی طرف سے اس کی مخالفت جبکہ تمام سیاسی جماعتوں ،قبائل ،قبائلی نوجوانوں اور طلباء کی طرف سے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کی حمایت کی جارہی ہے۔انھوں نے وطن کور پشاور میں فاٹا یوتھ جرگہ کے ممبران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے کے سلسلے میں آئین میں ریفرنڈم کی کوئی گنجائش نہیں ۔ قبائل اپنے جرگوں میں متفقہ طور پر فاٹا کو صوبہ میں شامل کرنے کی حمایت کر چکے ہیں۔فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام سے خیبر پختونخوا ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا جبکہ پختونوں کی قومی جدوجہد کو بھی تقویت ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن