پشاورپولیس نے قبائلی علاقے سے منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔سمگلر موٹر کار سمیت گرفتار،موٹر کار کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد۔ چیف کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور محمد طاہر خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ آج کسی بھی وقت قبائلی علاقہ کی طرف سے بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اطلاع پرایس ایس پی آپریشنز سجاد خان کی نگرانی میں پشاور کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیا ں قائم کی گئیں۔ایس پی کینٹ وسیم ریاض کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ پشتہ خرہ اعجاز اللہ خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ رنگ روڈ ٹول پلازہ بطرف پشتہ خرہ چوک میں قائم ناکہ بندی کے دورانXLI موٹر کار نمبرLWP/2455 کی تلاشی لی جس پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 26400 گرام چرس اعلی کوالٹی برآمدکرلی جبکہ ملزم نجیب اللہ ولد امان گل سکنہ بی بی ابائی پارہوتی مردان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔