کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں خصوصاً اہم ترین تجارتی مرکز صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، اس کارروائی کے دوران صدر کی اصل حالت کو بحال کرنے اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف قابضین سے علاقے کو خالی کرایا جائے گا، یہ کارروائی پیر کو شروع ہوچکی ہے جو تین مرحلوں میں مکمل ہوگی اور صدر اور ایمپریس مارکیٹ کی مکمل اصل حالت میں بحالی تک جاری رہے گی، سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر شہر کے تمام اسٹیک ہولڈر اداروں کی مشترکہ کوشش سے یہ کارروائی شروع کی گئی ہے، کراچی کے شہری صدر اور ایمپریس مارکیٹ کو اصل حالت میں دیکھ سکیں گے اور صدر میں عوام کو جو دشواریاں اور تکلیفیں ہو رہی تھیںاس سے نجات حاصل ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس کارروائی میں کسی کا نقصان نہ ہولہٰذا قابضین سے پہلے بھی کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور تجاوزات کو ازخود ہٹالیں تاکہ یہ کارروائی مکمل ہو، دریں اثناء بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے دیگر اداروں کے ہمراہ پیر کو صدر کے اطراف مختلف شاہراہوں اور گلیوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کی جس میں فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے ہر طرح کی تجاوزات کو صاف کردیا گیا، اس دوران 100 سے زائد پختہ دکانوں اور سینکڑوں ٹھیلوں اور پتھاروں کو ہٹایا گیا ،اس کارروائی میں 400 اہلکاروں پر مشتمل افرادی قوت نے حصہ لیاجبکہ تجاوزات کے خلاف اس کارروائی میں ضلعی انتظامیہ، رینجرز، پولیس، بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات، ڈی ایم سی جنوبی اور شرقی، کنٹونمنٹ بورڈ،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے متعلقہ ذمہ داران نے بھرپور حصہ لیا اور دائود پوتہ روڈ ، زیب النساء اسٹریٹ، مینسفیلڈ اسٹریٹ، پاسپورٹ آفس سے ملحقہ تینوں گلیاں، نیو پریڈی اسٹریٹ، ایمپریس مارکیٹ اور پارکنگ پلازہ کے سامنے، ریگل چوک، نوید کلینک سمیت دیگر فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے صاف کردیا، مختلف اداروں کے نمائندوں پر مشتمل 4 مختلف ٹیمیں بنائی گئی تھیں، مذکورہ ٹیموں نے علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں صدر کی مختلف فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کو صاف کردیا جہاں فٹ پاتھوں پر بہت ساری غیرقانونی دکانیں ، گنے کی مشینیں ، چبوترے، لوہے کا سامان سمیت دیگر اشیاء رکھی ہوئی تھیں جس کے باعث آنے جانے والوں کو فٹ پاتھوں پر چلنے کی سہولت میسر نہیں آرہی تھی اور ان فٹ پاتھوں پر بے پناہ تجاوزات کے قیام کے باعث یہاں سے گزرنے والے راہگیروں کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، آپریشن کے دوران ضبط کئے گئے سامان کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسٹور میں جمع کرایا دیا ، پاسپورٹ آفس سے ملحقہ گلیوں میں کئی ہوٹل مالکان نے ہوٹلوں کے نام کے بڑے بڑے بورڈز اس طرح لگا رکھے تھے کہ وہ فٹ پاتھوں پر جھکے ہوئے تھے جنہیں محکمہ انسداد تجاوزات نے بلاتفریق کارروائی کرکے مکمل طور پر ہٹادیا ۔
صدر میں تجاوزات کے خلاف بلدیہ عظمی کا آپریشن 3 مرحلوں میں مکمل ہوگا
Nov 06, 2018