اسلام آباد (آئی این پی)پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فواد چودھری کی بات پر کیا تبصرہ کروں، کوئی سینئر پارلیمنٹیرین بات کرتا تو کچھ کہتا، میں نہیں سمجھتا تحریک انصاف کے لوگ ایسا کام کریں گے، ہم کوئی ایسی تحریک چلانے کے موڈ میں نہیں جس سے نظام لپیٹا جائے۔ پیر کو فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ یہ سسٹم چلے، ایک شخص مسلسل ایسی بات کر رہا ہے جس سے سیاسی نظام کو سپورٹ نہیں مل رہی، ایک شخص نظام کو ڈسٹرب کر رہا ہے، ایک صوبہ لپیٹ میں آیا تو سارا نظام لپیٹ میں آتا ہے، امید ہے کہ حکومت کوئی غیر آئینی اقدام نہیں کرے گی جس سے سسٹم کو لپیٹا جائے۔ مبینہ دھاندلی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے ٹی او آرز بنیں گے تو ہی کمیٹی چلے گی۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے بلاول ہاﺅس کراچی میں پریس کانفرنس کی۔ وقار مہدی نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے سندھ حکومت کو دھمکیاں دیں۔ پیپلزپارٹی نے عوام کے مینڈیٹ سے سندھ حکومت بنائی۔ پی ٹی آئی کو بیساکھیوں پر حکومت ملی، جس میں ایم کیو ایم شامل ہے۔ فواد چودھری مشرف کے ساتھ رہے، کچھ دن پیپلزپارٹی میں بھی رہے۔ وفاقی حکومت کے وزرا سندھ کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔
خورشید شاہ
ایسی تحریک چلانے کے موڈ میں نہیں جس سے نظام لپیٹا جائے : خورشید شاہ
Nov 06, 2018