غرب اردن (صباح نیوز) فلسطینیوں نے 88مقامات پر اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور شیلنگ سے بیسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے خلاف فلسطینی شہروں میں 88مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہروں کے دوران فلسطینیوں نے صہیونی فوج پر شیشے کے ٹکڑے پھینکے،سنگ باری کی اور دیسی ساختہ بموں کا بھی استعمال کیا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ کی پٹی میں گولیاں لگنے سے14فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ بیسیوں افراد آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔ اس روز فلسطینیوں نے غزہ اور غرب اردن میں 21مقامات پر مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔ فلسطینیوں نے ، گیوات، سدوت ھنیگو، کیبوٹس جبار عا اور دیگر مقامات پر مظاہرے کئے۔ غرب اردن کے علاقے کرم ابو سالم میں میں نیئر اسحاق کالونی کے قر یب مظاہرہ کیا۔ادھرفلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے’’الخان الاحمر‘‘ کی مسماری کے خلاف اور قصبے کے فلسطینی باشندوں کی حمایت میں 138دن سے دھرنا جاری ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد نے الخان الاحمر میں دھرنا دے رکھا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر شہری شامل ہوتے اور اسرائیلی حکومت کی طرف سے قصبے کو مسمار کرنے اور مقامی فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی خلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔خیا ل رہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے ’’الخان الاحمر‘‘ کومسمار کرنے کی اجازت دینے کے بعد اسرائیلی فوج متعدد بار اس قصبے پر چڑھائی کرچکی ہے۔ دوسری جانب عالمی برادری نے بھی الخان الاحمر کی مسماری روکنے کے لیے اسرائیل پر دبائو بڑھا دیا ۔