’’پانچ سالوں میں خواتین سے زیادتی کے 14ہزار تین مقدمات درج ہوئے‘‘

Nov 06, 2018

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی ۔ نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ گزشتہ ساڑھے چارسال میں ملک بھر میں خواتین پر تشدد ،کاروکاری، ونی ، زیادتی واجتماعی زیادتی اور دیگر جرائم کے21ہزار12واقعات رپورٹ ہوئے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک  میں خواتین سے زیادتی واجتماعی زیادتی کے 14ہزارتین مقدمات درج ہوئے، مذکورہ عرصے  کے دوران ملک میں کاروکاری کے نام پر 1548خواتین کو قتل کیا گیا، 2017اوررواں سال 16اکتوبر تک بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈریز پر 4225مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی، ملک میں تیل کی روزانہ طلب تقریباً 5لاکھ37ہزار بیرل  ہے جس میں سے صرف 15فیصد طلب ملکی خام تیل سے پوری کی جاتی ہے جبکہ 85فیصد پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی جاتی ہیں،رواں سال9ماہ کے دوران  موٹروے پولیس نے  3ارب 4 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کئے۔ وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالوں کے جواب   وفاقی وزراء پرویز خٹک ،شیریں مزاری،مراد سعید ،غلام سرور خان اور فروغ نسیم نے دئیے۔ عصمت اللہ کے سوال کے جواب میں وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے بتایا کہ مالی سال 2017-18کے دوران بلوچستان سے قدرتی گیس کی پیداوار ملک کی کل پیداوار کا 21.28فیصد رہی۔رکن شگفتہ جمانی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے کہا کہ 2008سے اب تک حکومت کی جانب سے ملک بھر میں سڑکوں کی تعمیر کے 59پراجیکٹس پر کام کیا گیا جن کی لمبائی 2238  کلومیٹر ہے جبکہ اسی عرصہ کے دوران غیر ملکی رقوم سے 15منصوبے مکمل کئے گئے جن کی لمبائی 1473کلومیٹر ہے ۔ برجیس طاہر کے سوال کے جواب میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے ایوان کو آگاہ کیا کہ 2017اوررواں سال 16اکتوبر تک بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈریز پر 4225مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔ برجیس طاہر کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ اس وقت ملک میں تیل کی روزانہ طلب تقریباً 5لاکھ37ہزار بیرر ہے جس میں سے صرف 15فیصد طلب ملکی خام تیل سے پوری کی جاتی ہے جبکہ 85فیصد پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی جاتی ہیں ۔ رکن شاہدہ اختر خان کے سوال کے جواب میں وزارت پیٹرولیم نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران ملک بھر میں کان کنی حادثات میں 432مزدور جاںبحق ہوئے ۔رکن سعد وسیم کے سوال کے جواب میں وزارت پارلیمانی امور نے ایوان کوآگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018میں خامیوں کا جائزہ لینے کا کام شروع کردیا ہے اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے تجاویز لی جائیں گی جس کی حتمی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی ۔ رکن عرفان علی لغاری کے سوال کے جواب میں وزارت مواصلات نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کوآگاہ کیا کہ رواں سال ستمبرتک قومی شاہراہوں پر موٹروے پولیس کی جانب سے خلاف ورزیوں پر تین ارب چار کروڑ چھ لاکھ اٹھارہ ہزار کا جرمانہ عائد کیا گیا جو وصول کر لیا گیا۔

مزیدخبریں