لاپتہ افراد انکوائری کمشن نے 31 اکتوبر تک 3633 کیسز نمٹا دیئے

اسلام آباد (صباح نیوز) ملک بھر سے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کئے گئے انکوائری کمشن نے اکتوبر میں 78 لاپتہ افراد کے مقدمات نمٹائے جبکہ اکتوبر میں 84 نئے مقدمات کا اندراج ہوا۔زیرالتواء مقدمات کی تعداد بڑھ کر 1874 ہو گئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں کام کرنے والے انکوائری کمیشن نے اب تک 3633 مقدمات نمٹائے ہیں۔اکتوبر میں نمٹائے گئے 78 مقدمات کی تفصیلات کے مطابق 70 افراد کو ٹریس کیا گیا۔ 22 افراد گھروں کو واپس آ گئے جبکہ 46 افراد مختلف جیلوں میں یا حراستی مراکز میں قید ہیں۔ دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ آٹھ افرادکے مقدمات ایسے تھے جو جبری لاپتہ افراد کے زمرے میں نہیں آتے تھے یا ان کے ایڈریس معلوم نہیں تھے۔ کمشن نے 2018ء میں اب تک پانچ سو ستاون کیس نمٹائے ہیں جبکہ 899 نئے مقدمات کا اندراج ہوا ہے۔ 2011ء میں کمشن کے قیام سے اب تک 5507 کیس موصول ہوئے جن میں سے 3633 کیس اب تک نمٹائے جا چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن