لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے حکومت کو 8 کروڈ کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔ سات روز میں فنڈز نہ ملے تو ٹورنامنٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ جائے گا جس سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھاری جرمانہ ہونے کے علاوہ ملک کی بدنامی ہوگی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ کا رکن بننے سے پاکستان ہاکی کو فائدہ ہوگا کیونکہ بورڈ میں بیٹھ کر پاکستان ہاکی کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کے لیے براہ راست وزیر اعظم پاکستان سے درخواست کی گئی ہے جبکہ اس کے علاوہ آئی پی سی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی صورتحال سے واضح کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی جانب بھی دیکھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ہیڈ کوچ حسن سردار اور محمد ثقلین کے معاملہ پر جلد تین رکنی کمیٹی بنا دی جائے گی۔ حسن سردار کی رپورٹ مل گئی ہے جس کی روشنی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ توقیر ڈار کا تعلق ہاکی فیملی سے ہے ان کی بڑی خدمات ہیں لاہور میں ہاکی اکیڈمی چلا رہے ہیں جبکہ دانش کلیم کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وہ گراس روٹ لیول پر ہاکی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کے ساتھ جلد مشاورت کر کے ان کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا جائے گا۔ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد کے حوابلے سے سیکرٹری پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ کے ڈائریکٹر ٹورنامنٹ سے بات ہوئی ہے جنہوں نے ایک ہفتے کا وقت مانگا ہے۔
ورلڈ کپ کی تیاری: ہاکی فیڈریشن کا 8 کروڑ کی گرانٹ کیلئے حکومت کو خط
Nov 06, 2018