لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام رواں ماہ لاہور میں منعقد ہونے والی انٹر سکولز اور کالجیٹ گیمز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے گیمز کے لیے پنجاب سٹیڈیم دینے سے انکار کر دیا ہے، اس سے قبل سابق ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب نے گیمز کے انعقاد کے لیے پنجاب اولمپک کو اجازت دے رکھی تھی تاہم نئے ڈی جی ندیم سرور نے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو گیمز کے انعقاد کے لیے سٹیڈیم دینے سے معذرت کر لی ہے جس کا باضابطہ انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے انٹرسکولز و کالجیٹ گیمز کے انعقاد کے لیے 16 سے 20 نومبر کی تاریخوں کا پہلے سے اعلان کر رکھا ہے جس میں 250 سکولز و کالجز کے 6 ہزار سے زائد کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کرا رکھی ہے۔
سپورٹس بورڈ کا پنجاب سٹیڈیم دینے سے انکار‘ انٹر سکولز اور کالجیٹ گیمز کا انعقاد خطرے میں
Nov 06, 2018