ریاض (امیر محمد خان سے) یمن کی قانونی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل (ایس ٹی سی) نے ’ریاض سمجھوتے‘ پر دستخط کردیئے۔ فریقین میں یہ سمجھوتہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نگرانی میں مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد طے پایا ہے۔ یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل کے درمیان اس سمجھوتے کے تحت ان کی عمل داری میں گورنریوں کے درمیان تعاون کو مربوط بنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ دونوں فریق ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے مخالف ہیں اور عرب اتحاد کے شانہ بشانہ اس کے خلاف لڑائی میں شریک ہیں۔ سمجھوتے کے اہم نکات یہ ہیں: * سات روز میں یمن کی قانونی حکومت کی جنوبی شہر عدن میں واپسی ہوگی۔ * وزارت داخلہ اور دفاع کے تحت تمام فوجی اداروں کا مجتمع کیا جائے گا اورایک مؤثر حکومت قائم کی جائے گی۔ * اس حکومت میں شمالی اور جنوبی یمن کو یکساں نمایندگی دی جائے گی۔ سمجھوتے پر آج منگل کے روز سعودی دارالحکومت ریاض میں دستخط کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان، یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی، ایس ٹی سی کے صدر عیدرس الزبیدی، بعض عرب اور مغربی ممالک کے حکام اور سفراء بھی موجود تھے۔
7 روز میں قانونی حکومت کی واپسی: یمن اور عبوری کونسل میں سمجھوتہ
Nov 06, 2019