باباگورونانک کے جنم دن کی تقریبات، 2500 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

لاہور‘ ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار، نیوز رپورٹر، نامہ نگار) بابا گورونانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے 2500سو کے قریب مرد و خواتین سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان پہنچ گئے۔ جہاں متر وکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ پا کستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ، ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل، بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی سمیت و دیگر سکھ رہنما و بورڈ افسران بھی موجود تھے۔ پاکستان آمد پر سکھ رہنمائوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔ شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی دہلی کے پارٹی لیڈر سردار گورمیت سنگھ بوس کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا سکھ قوم پر بڑا احسان ہے۔ پوری سکھ قوم عمران خان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے 72سالوں کا مسئلہ ایک سال میں حل کر دیا۔ دہلی گوردوارہ مینجمٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار سروجیت سنگھ ورک نے کہا کہ ہم یہاں امن بھائی چارے اور پیار و محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار جتندر پال سنگھ نے کہا کہ ویزہ اور سرحدوں کی پابندی ختم ہونی چاہیے۔ یہ ہمارے گرو کی پاک دھرتی ہے ہم اسکی ترقی و خوشحالی کے لئے دعاگو ہیں۔ بورڈ ترجمان عامر ہاشمی نے بتایا کہ آج بھارت سے اس سے زیادہ تعداد میں سکھ یاتری آئیں گے۔ جنم دن کی مرکزی تقریب 12نومبر کو ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی جبکہ 9نومبر کو وزیراعظم عمران خان کرتارپور راہداری کا افتتاح کریں گے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق 1724 بھارتی سکھ یاتری جتھہ لیڈر سردار گورمیت سنگھ کی قیادت میں سپیشل بسوں کے ذریعے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری شرائن عمران گوندل، مینجر گوردوارہ جنم استھان عتیق گیلانی اور دیگر افسران نے یاتریوں کا استقبال کیا۔ علاوہ ازیں سونے کی پالکی کے ہمراہ بھارت کے شہر دہلی سے لاہور آنیوالے سکھ یاتریوں کے وفد نے شرومنی اکالی دل دہلی کے ہر ویندر سنگھ سر نا کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہورکا دورہ کیا۔ اس موقع پر تحر یک انصاف کے ایم پی اے سردار مہندر پال سنگھ بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنیوالے سکھ یاتر یوں کیلئے کر تار پور، ننکانہ صاحب اور سچا سودا سمیت ہر جگہ تاریخی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سکھ یاتر یوں میں پاکستان کیلئے جو مثالی پیار ہے اس پر ہم سکھ یاتر یوں کے شکرگزار ہیں۔ ہرویندر سنگھ کے دورہ بھارت کی دعوت پر گورنر نے کہا کہ کوشش کروں گا جلد ازجلد بھارت کا دورہ کروں۔

ای پیپر دی نیشن