ڈی آئی خان، فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 3 شہید: کوئٹہ میں 3 دہشت گرد ہلاک

Nov 06, 2019

ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ) کلاچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 3 افرادشہید ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 2 شدید زخمی ہوگئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور فورسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق ایف سی اہلکار رکشے کے ذریعے باچا آباد کے علاقے میں راشن لے کر جا رہے تھے کہ انہیں نامعلوم افراد نے گولیوں کا نشانہ بنایا، فائرنگ کی زد میں آکر دونوں اہلکار اور ایک راہگیر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کرملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
کوئٹہ (نوائے وقت نیوز) کوئٹہ کے نواحی علاقے میں سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے بارود سے بھری گاڑی کی شہر میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مشتبہ گاڑی کو کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی اغبرگ کے مقام پر روکنے کی کوشش کی گئی جس پر گاڑی میں سوار افراد نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران 35 کلوگرام دھماکہ خیز مواد کے علاوہ 2 ایس ایم جیز‘ ہینڈ گرینیڈز اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے گاڑی تحویل میں لے لی۔

مزیدخبریں