اوٹاوا(آئی این پی ) کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کینیڈا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل جوناتھن وانس سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین ہر سطح پر دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ہائی کمشنر تارڑ نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کو علاقائی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جس میں امریکہ کی افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستان کے تعاون سمیت علاقائی صورتحال شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان پاکستان سمیت علاقائی ممالک کے مفاد میں ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے جس میں کینیڈا کی مسلح افواج کے افسران کی پاکستان کے مسلح افواج کے ادارے میں مختصر ، درمیانے اور طویل مدتی کورسز میں شرکت شامل ہے۔ ہائی کمشنر نے مزید اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین مشترکہ مشقوں کے شعبے میں باہمی تعاون فائدہ مند ثابت ہوگا۔جنرل وینس نے علاقائی امن و استحکام اور افغانستان میں امن لانیکے لئے پاکستان کے کردار ادا کرنے کو سراہا ۔ چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے ہائی کمشنر سے دفاع اور سلامتی میں تعاون کے مزید فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔