شمالی افغانستان ،حکومت نواز مقامی رہنماکے گھر پر2 دھماکے، 3 افراد ہلاک ، 16 زخمی

Nov 06, 2020

مزارشریف(شِنہوا)افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ میں حکومت نواز مقامی رہنماکے گھر پر 2 دھماکوں میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ اس کی تصدیق مقامی پولیس نے جمعرات کے روز کی۔ضلعی پولیس سربراہ حریف اقبال نے شِنہوا کو بتایا کہ دھماکے دوپہر کے وقت ضلع شولگرہ میں ایک بااثر مقامی رہنما نذرگل کے گھر میں تھوڑے وقفے کے ساتھ ہوئے۔ یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب مقامی دیہاتی وہاں ایک سیکورٹی اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچ رہے تھے۔پولیس سربراہ نے کہا کہ اس واقعے میں شولگرہ میں افغان مقامی پولیس کے سابق کمانڈر نذر گل معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ اس اجلاس میں صوبائی دارالحکومت مزارشریف سے 63 کلومیٹر جنوب میں واقع شولگرہ میں سلامتی اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا جا رہا تھا۔ پولیس چیف نے مزید کہا  کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ شولگرہ کے دیہات میں باغیوں کیخلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنیوالے نذر گل کو خوش قسمتی سے شدید زخم نہیں آئے ہیں۔پولیس سربراہ نے طالبان عسکریت پسندوں کا حوالہ دیتے ہوئے امن دشمنوں کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ طالبان عسکریت پسندوں نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔طالبان نے عام شہریوں سے سرکاری اجتماعات ، فوجی قافلوں اور عسکریت پسندوں کے اہداف سمجھے جانے والے مراکز سے دور رہنے کی اپیل کی ہے اور لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ حکومت کا ساتھ نہ دیں۔

مزیدخبریں