بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) چین نے کرونا وائرس سے بری طرح متاثر تین مماک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے دنیا بھر میں کرونا کی دوسری لہر کے بعد اپنے ملک میں سختیاں بڑھادی ہیں اور کرونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وائرس سے بری طرح متاثرہ ملک برطانیہ، بلجئم اور فلپائن کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس کے علاوہ چین نے امریکہ، فرانس اور جرمنی کے شہریوں سے چین آمد پر صحت سے متعلق اضافی ٹیسٹ کے نتائج دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے برطانیہ سے آنے والے ایسے غیر چینی شہریوں کے بھی ملک میں داخلے کو عارضی معطل کر دیا ہے۔ جن کے پاس چین میں رہائش کا اجازت نامہ موجود ہے جب کہ فلپائن اور بلجئم میں موجود چینی سفارتخانوں کی جانب سے بھی ان کے شہریوں کے چین میں داخلے کو روکنے کے لیے اسی طرح کا بیان جاری کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ سے غیر چینی باشندوں کے چین آنے پر پابندی کا فیصلہ برطانیہ میں کرونا کیسز بڑھنے کے بعد لگنے والے لاک ڈاؤن کے بعد کیا گیا ہے۔
کرونا: چین میں برطانوی، بیلجیٔم اور فلپائنی شہریوں کے داخلے پر پابندی
Nov 06, 2020