گلگت بلتستان پر بھارتی بیان مسترد، امید ہے نئی امریکی حکومت تعاون کا ہاتھ بڑھائے گی: چین

Nov 06, 2020

بیجنگ( شہنوا +انٹرنیشنل ڈیسک) پاکستان کے دیرینہ دوست اور ہمسایہ ملک چین نے گلگت بلتستان کی عارضی صوبائی حیثیت کے حوالے سے بھارتی بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ چین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کرنا چاہئے۔ بیجنگ میں بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ ونبنگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف بالکل واضح اور اٹل ہے۔ چین کے نائب وزیرخارجہ لی یو چھینگ نے چین، امریکہ تعلقات کو صحیح راستے پر آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔ لی نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پریس کانفرنس میں امریکہ کے صدارتی انتخاب اور چین- امریکہ تعلقات سے متعلق رائے دیتے ہوئے کیا۔ لی نے کہا کہ امریکی صدر کے انتخاب کے  لئے ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے اور اس کا نتیجہ ابھی تک معلوم نہیں۔ چین امید کرتا ہے کہ صدارتی دوڑ بغیر کسی رکاوٹ اور ہموار طریقے سے آگے بڑھے گی۔ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے چین کا نقطہ نظر واضح اور مستقل ہے۔ اگرچہ دونوں ممالک کے مابین اختلافات ہیں تاہم دونوں کے درمیان مشترکہ مفادات اور تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ دوطرفہ تعلقات میں صحت مندانہ اور مستحکم ترقی کو برقرار رکھنے اور فروغ دینے سے دونوں ممالک کے عوام کے بنیادی مفادات اور عالمی برادری کی مشترکہ خواہش کو فائدہ پہنچتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ نئی امریکی حکومت چین کی جانب تعاون کا ہاتھ بڑھائے گی۔ عدم تنازعہ، عدم تصادم، باہمی احترام اور یکساں تعاون کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اشتراک، اختلافات کو حل کرنے اور صحیح راستے پر باہمی تعلقات کو آگے لے جانے پر توجہ مرکوز کرے گی۔

مزیدخبریں