امریکی ایوان نمائندگان: ڈیمو کریٹس 208 ریپبلکنز کی 199 نشستیں، سینٹ میں48 ،48 

واشنگٹن+ نیویارک (نوائے وقت رپورٹ/ این این آئی) امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ نے208 نشستیں حاصل کر لیں جبکہ ری پبلکن پارٹی199 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی کل435 نشستیں ہیں جبکہ امریکی سینٹ میں ری پبلکن کی48، ڈیموکریٹ کی48 نشستیں ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان کی کل435 نشستیں ہیں اور 3 نومبر کو ان تمام نشستوں پر انتخاب ہوئے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان (صدر کا انتخاب اس سے الگ ہے) میں ڈیموکریٹک پارٹی نے208نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ ری پبلکن پارٹی 199سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے 5 سیاہ فام مسلمان امیدواروں نے وسکونسن، فلوریڈا اور ڈیلاویئر کے قانون ساز ایوان کا انتخاب جیت کر امریکا میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ ان میں تین مسلم خواتین بھی شامل ہیں۔ اوکلاہوما سے مسلم خاتون ماری ٹرنر قانون ساز ایوان کی رکن منتخب ہوگئی ہیں۔ وہ اوکلاہوما کی قانون ساز اسمبلی میں پہلی مسلم رکن بھی ہیں۔ اسی طرح ڈیلاویئر میں مدینہ ولسن اینٹن بھی قانون ساز ایوان کی پہلی مسلم رکن بن گئی ہیں۔ کولوراڈو کے ایوانِ نمائندگان کیلیے ایمان جودہ نامی خاتون منتخب ہوگئی ہیں، یہ بھی اس ایوان کی تاریخ میں پہلی مسلمان رکن ہیں۔ وسکونسن سٹیٹ اسمبلی کیلیے منتخب ہونے والے سامبا بالدیہ نہ صرف وہاں کے پہلے مسلمان بلکہ پہلے سیاہ فام رکن بھی ہیں جو ڈین گانٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں فلوریڈا کے ایوانِ نمائندگان میں 107ویں ڈسٹرکٹ کی نمائندگی حاصل کرنے والے کرسٹوفر بنجمن بھی یہ کامیابی حاصل کرنے والے پہلے مسلمان ہیں۔

ای پیپر دی نیشن