وسطی امریکہ کے ملک گوئٹے مالا میں سمندری طوفان "ایٹا "کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔شمالی نکاراگوا میں کیریبین سمندرساحل کا علاقہ تباہی کی زد میں آیا اور طوفانی بارش سے نکاراگوا ، ہونڈوراس ، گوئٹے مالا ، کوسٹا ریکا ، ال سلواڈور اور پاناما میں دیہات زیرآب آئے۔
گوئٹے مالا کے صدر الیجنڈرو گیامیٹی نے جمعرات کو متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک کے شمال میں لینڈسلائیڈنگ سے 25 گھر منہدم ہو ئے ہیں، موسلا دھار بارشوں سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ گئیں اس لئے متاثرین تک پہنچنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ملک میں لینڈ سلائیڈنگ سے 50 سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ شمال مشرقی گوئٹے مالا کے علاقے مورالز میں متاثرین کو ایک سٹیڈیم میں ٹھہرایا گیا ہے۔ ادھر شمال مغربی علاقے ہیو ہینٹناگو میں 10 افراد مٹی کے تودوں تلے دب گئے۔ سول پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق سیلابی پانی میں ڈوبنے سے دو بچوں سمیت 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پاناما میں بھی سیلاب نے تباہی پھیلائی اور کوسٹا ریکن بارڈرد پر واقع صوبہ چریکی میں دو مکانات گرنے سے تین بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔کوسٹا ریکا میں 71 سالہ شخص اور اس کی بیوی مکان کے ملبے تلے دب گئے جن کی لاشیں ایمرجنسی کارکنوں نے نکالیں۔
ہنڈوراس میں مٹی کے تودے گرنے سے سڑکیں اور پل بہہ گئے اور ملک کا دوسرا سب سے بڑا شہر سان پیڈرو سولا بری طرح متاثر ہوا۔ یہاں لینڈ سلائیڈنگ نے دو بچوں کی جان لے لی۔ صدر جوآن اورلینڈو ہرنینڈز کے حکم پر فوج ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے دارالحکومت ٹیگوسیگالپا میں ریسکیو آپریشن کر رہی ہے۔ امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ شمالی ہنڈوراس کے 3 لاکھ 30 ہزار لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے جبکہ متعدد افراد گھروں کی چھتوں پرچڑھ کر جانیں بچائیں۔ ڈیزاسٹر ایجنسی کوپیکو کے مطابق 3 ہزار افراد پہلے ہی علاقہ خالی کر چکے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ سانٹا باربرا میں مٹی کا تودہ گرنے سے 2 بچوں کی موت واقع ہوئی جبکہ جنوبی علاقے میں دو دیگر بچے ہلاک ہوگئے۔ سلواڈور میں 2 ہزار افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ 26 مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے سڑکیں بندپڑی ہیں۔ موسمیاتی حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کیوبا کا رخ کرنے کے ساتھ ہی زیادہ تباہ کن ہو سکتا ہے۔