پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی سائیکلنگ روڈ ریس چیمپئن شپ 12 سے 15 نومبر تک کراچی میں منعقد ہوگی .پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن صدر سید اظہر علی شاہ نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور پر ہیں اور چیمپئن شپ میں سوئی سدرن گیس کمپنی، پی او ایف واہ، بائیکستان کراچی، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کے مرد اور خواتین کی ایلیٹ اور جونیئرٹیمیں حصہ لیں گی، چیمپئن شپ میں چار کیٹیگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں انفرادی ٹائم ٹرائل، ٹیم ایونٹ، سکریچ ریس اور پوائنٹ ریس کے مقابلے شامل ہیں، یہ چیمپین شپ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کھیلی جائے گی، چیمپین شپ کے انفرادی ایونٹ کے ٹائٹل کا دفاع بائیکستان کے علی الیاس جبکہ ٹیم ایونٹ کے ٹائٹل کا دفاع سوئی سدرن گیس کمپنی کے کھلاڑی کریں گے، 11 نومبر کو چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز میٹنگ ہوگی، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب 15 نومبر کو ہوگی جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے. واضع رہے کہ قومی سائیکلنگ روڈ ریس چیمپئن شپ کے دوران پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس زیر صدارت سید اظہر علی شاہ ہوگا، جس میں سیکرٹری جنرل نثاراحمد گذشتہ برس کی کارگردگی پر رپورٹ پیش کریں گے اور پاکستان سائیکلینگ کے آئین میں تبدیلی, فیدریشن کے لیگل ایڈوائزر کی سفارشات پر بھی اجلاس میں آئندہ کی سرگرمیوں کا لائحہ عمل بھی تیار کیا جائے گا۔