لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے عثمان بزدار سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں چینی،گندم ،سبزیاں وافر مقدار میں موجود ہیں۔لیکن حکومتی سرپرستی میں مافیا نے تمام خوردنی اشیاء ذخیرہ کی ہوئی ہیں۔مارکیٹ میں سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت چینی،آٹے اور دیگر اشیاء کی قلت پیدا کی جارہی ہے۔ایک بیان میں گزشتہ روز انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے کچن میں تلور اورغریب کے کچن میں دال بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ علیم خان کے استعفے کے بعد خوراک کا محکمہ لاوارث ہے۔ ڈیڑھ ماہ سے پنجاب کا کوئی وزیر خوراک نہیں ہے۔عثمان بزدار اور انکی 46رکنی کابینہ عوام کی غربت کا مذاق اُڑارہے ہیںچھ ماہ سے پنجاب میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں۔پچاس مجسٹریٹ کا کام جب دو مجسٹریٹ سے لیا جائے گا تو منافع خور کیسے قابو میں آئیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ ٹونے سے صرف کرسی بچ سکتی ہے مہنگائی کنٹرول نہیں ہوسکتی۔جبکہ عثمان بزدار جیسا بوجھ پنجاب اب مزید برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔