کراچی ( کامرس رپورٹر) پی آئی اے نے پیر کو یورپی ایئر سیفٹی واچ ڈاگ، SAFA سے بہترین حفاظتی درجہ بندی زیرو انڈیکس حاصل کرلی۔ زیرو انڈیکس کا مطلب ہے کہ پی آئی اے اب دنیا کی ان بہترین ایئر لائنز میں شمار ہوتی ہے جن کا سیفٹی آپریٹنگ ریکارڈ محفوظ ترین ہے۔ یہ بہترین حفاظتی درجہ بندی پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی قیادت میں حقیقت بن گئی جو کہ تین سال قبل ایک خواب کی مانند تصور کیا جاتا تھا۔ پی آئی اے نے یورپی ایئر سیفٹی واچ ڈاگ، SAFA سے بہترین حفاظتی درجہ بندی حاصل کر لی ہے سافا سیفٹی آڈٹ غیر ملکی ائر لائنوں کے طیاروں کا یورپی ایجنسی کی جانب سے دنیا بھر کے مختلف ہوائی اڈوں پر تمام غیر یورپی ایر لائنز کے لیے وقتاً فوقتاً اور سرپرائز چیکس کرتا ہے۔ جب سے پی آئی اے پائلٹس لائسنس سکینڈل سامنے آیا، سافا کی جانب سے ہوائی اڈوں پر مسلسل جانچ پڑتال اور وسیع آڈٹ کیا جاتا تھا۔ تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے سافا کی جانب سے صفر نتائج ریکارڈ کیے جانے کے ساتھ، حفاظتی خطرات کے انڈیکس کو صفر تک کم کر دیا ، جو کہ ایک بہترین سکور ہے۔زیرو انڈیکس سیفٹی ریٹنگ حاصل کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور پی آئی اے کی ٹیم کوانتھک محنت اور اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اب پی آئی اے کے سیفٹی ڈپارٹمنٹ کی تنظیم نو کے بعد ایئرلائن کی تمام بین الاقوامی پروازوں پر سیفٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب خودسے مزید سخت جانچ پڑتال کی جاتی ہے جس سے یہ کامی?ابی حاصل ہوئی۔ پی آئی اے میں حفاظت سے متعلق آگاہی کا ایک نیا کلچر متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت کلچر پر عمل کرنے والے ملازمین کو کیریئر اپ گریڈ اور مراعات دی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے نے پاکستان میں بھی ریگولیٹری اتھارٹی کو پیشہ ورانہ مدد کی پیشکش کی ہے اور امید ظاہر کی کہ اس سال نومبر میں سول ایوی ایشن کا آئی سی اے او آڈٹ کلیئر کرنے کے بعد پی آئی اے کی مغرب کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
پی آئی اے ‘یورپی ایئر سیفٹی واچ ڈاگ میں بہترین درجہ بندی حاصل
Nov 06, 2021