میرپورخاص (بیورورپورٹ) بلدیہ میرپورخاص میں کنٹریکٹ اور مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے خاکروبوں کی فوج موجود ہونے کے باوجود شہر کے گنجان آباد علاقے پاک کالونی اور دیگر میں صفائی ستھرائی کا زبردست فقدان ہے بلدیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی پر معمور عملہ کئی کئی دنوں تک علاقے میں نظر نہیں آتے اور اس حوالے سے افسران نے بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں انتظامیہ کی غفلت اور کرپشن کے نتیجے میں علاقہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر قائم ہیں جبکہ علاقے میں نکاسی آب کی لائنیں ابل رہی ہیں اور گھروں کا گندا پانی گلی اور محلوں میں جمع ہو کر جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے جس سے شہری سخت پریشان ہیں ۔ علاقہ مکینوں عبداللہ عباسی ، سلیم خان ، اللہ ڈنو، خان محمد ، اور دیگر نے بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے ہمارے علاقے میں صفائی کا عملہ تو تعینات ہے مگر کئی کئی دنوں تک وہ ہمارے علاقے میں نظر نہیں آتا ہے۔