راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )حکومت پنجاب گندم کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ کے لئے کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت سبسڈی کے سہولت اور ترغیبات فراہم کر رہی ہے تاکہ امسال گندم کے 2 کروڑ20 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کا ہدف یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے گندم کے کاشتکاروں کی آگاہی کے لئے منعقدہ سیمینارکے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر زراعت نے مزید کہا مالی سال 2021-22 کے دوران اس منصوبہ کے تحت گندم کی مشینی کاشت کے فروغ کے لئے 50 فیصد سبسڈی پر 1 ارب روپے سے زیادہ کی جدید زرعی مشینری سمیت دیگر زرعی مداخل فراہم کیے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کاشت کار بھائی گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے محکمہ زراعت کی سفارشات ، متناسب کھادوںکے استعمال اور سرٹیفائیڈ بیجوں کے استعمال کریں اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کاشتکاروں میں کسان کارڈتقسیم کئے اور بتایا کہ"کسان کارڈ" کے اجراء کا انقلابی پروگرام شروع کیا گیاہے جس کے ذریعے تمام سبسڈیز کو کیش ٹرانسفر کی صورت میں براہ راست کاشتکاروں کے اکاونٹ میں منتقل کی جا رہی ہیں۔اب تک 5 لاکھ 84 ہزار سے زائد کاشتکار خود کو کسان کارڈ کے حصول کے لئے رجسٹرڈ کروا چکے ہیں۔اس موقع پرصوبائی وزیر زراعت نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلدکسان کارڈ کی رجسٹریشن مکمل کروائیں ۔تقریب میں چوہدری ممتاز اختر کاہلوں راہنما پاکستان تحریک انصاف،طارق محمود چیمہ، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ڈاکٹر محمد انجم ، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات محمد رفیق اختر، فیض محمد کندی ڈائریکٹر سرگودھا ڈویژن ، ڈاکٹر اشتیاق احمد،خسرو نادر گیلانی ، آصف علی اورڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوںکے علاوہ مقامی محکمہ زراعت کے افسران،کاشتکاروں اور میڈیا کے نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔