تنقید برائے تنقید مسلم لیگ ن کا پسندیدہ مشغلہ ہے: حسان خاور

لاہور (این این آئی) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے حمزہ شہباز کے حکومت مخالف بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اعدادوشمار سے نظر چرانا اور تنقید برائے تنقید مسلم لیگ ن کا پسندیدہ وطیرہ اور مشغلہ ہے۔ جب بات پرفارمنس پر آئے تو ن لیگ آئیں بائیں شائیں کرتی ہے۔ حسان خاور نے بتایا کہ شریف حکومت 2018 میں 20 ارب ڈالر کا معاشی خسارہ چھوڑ کر گئی۔ موجودہ حکومت ایک سال میں انتھک محنت کے بعد یہ خسارہ بیس سے ایک ارب ڈالر پر لائی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ سمیت تمام اپوزیشن کا پٹرول کی قیمتوں پر سیاست کرنا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کا عوام تک اثر کم سے کم پہنچانے کے لیے اس وقت تک 450 ارب تک کا خسارہ خود سے برداشت کر چکی ہے۔  انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں ذاتی ملازمین کے نام پر بنائے گئے جعلی اکائونٹس اور جعلی کمپنیوں کے ذریعے 2008  سے 2012 تک 25 ارب روپے شریف خاندان کے اکائونٹس میں جمع کرائے گئے۔

ای پیپر دی نیشن