اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کی اسلام آباد میں عراقی سفیر حامد عباس لفتہ سے ملاقات ،ملاقات میںشیخ عبد القادر جیلانی کے عرس کے موقع پر ویزوں کے اجرا اور زائرین کی سہولیات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ، ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پیر نور الحق قادری نے کہا کہ عراقی سفیر سے گیارویں شریف کے موقع پر کم از کم 5ہزار ویزوں کے اجرا کی سفارش کی ہے،عاشورہ اور اربعین کی طرح گیاوریں شریف کے موقع پر پاکستانی زائرین کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے، عراقی سفیر حامد عباس لفتہ نے کہا کہ پاکستانی زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،عراقی سفیر کی طرف سے گیارویں شریف کے موقع پر پاکستانی زائرین کے ویزوں کے اجرا اور سہولیات کیلئے عراقی وزارت داخلہ و خارجہ امور سے رابطے کی یقین دہانی کرائی گئی ،ملاقات میں عراقی سفیر کے ساتھ ویزہ قونصلر اور سفارت خانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔