لاہور ( خصوصی نامہ نگار) معروف قاری اور نعت خواں قاری سید صداقت علی (ہلالِ امتیاز) نے پاکستانی سفارتخانہ پیرس میں خطاب کیا اور جمعہ کی نماز کی امامت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا علمبردار ہے اور دوسرے مذاہب کے پیرو کارو ں کیساتھ رواداری اور برداشت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے پیغامِ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس کے توسط سے دنیا کو امن و آشتی کا پیغام پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے باہر رہنے والے مسلمانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ رسولِ پاکؐ کی تعلیمات کے آئینے میں اپنے آپ کوبہترین اخلاق کا نمونہ بنائیں تا کہ دوسرے مذاہب کے ماننے والوںکیلئے ایک عمدہ مثال قائم ہو۔اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام سفیر محمد امجد عزیز قاضی نے قاری سید صداقت علی کی خدمات کو سراہا اور فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری ہیں جنہوں نے اپنی محنت اور دیانت سے اس معاشرے میں اپنا ایک مقام بنایا ہے اور فرانس میں رہنے والی دیگر کمیونٹیز کے ساتھ ہم آہنگی اور باہمی احترام کے جذبے کے ساتھ قیام پذیر ہیں۔نماز کے بعد قاری سید صداقت علی نے پاکستان اور اْمتِ مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لئے دْعا کی۔