تبدیلی کا ماحول تیار، عوام سندھ  حکومت کی بیڈ گورننس اور کرپشن سے عاجز آچکے : مخدوم شاہ محمود قریشی 

   کراچی (نیوزرپورٹر)و زیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہاہے کہ سندھ میں تبدیلی کا ماحول تیار ہے عوام صوبائی حکومت کی بیڈ گورننس، کرپشن اور انتقامی کارروائیوں سے عاجز آچکی ہے عوام متبادل قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں پی ٹی آئی کی ذمہ داران سندھ میں موجود مواقع اور درست منصوبہ بندی کے ذریعے یہاں پر بھی تبدیلی لاسکتے ہیں۔ سندھ بی الخصوص کراچی میں پی ٹی آئی نے گزشتہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ عمران خان کی شخصیت کی کشش اور ان کی جانب سے کراچی کے سہمے ہوئے شہریوں کو حوصلہ دینے کے اثرات 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی صورت میں سامنے آئے عمران خان سندھ کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں یہاں کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا سندھ میں اپوزیشن کو سخت ناموافق حالات کا سامنا ہے اور سخت دبا کے باوجود وہ اپنی نمائندگی کا حق ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے تمام شہری علاقوں میں آبادی کا ایک بڑا حصہ پی پی سے نظریاتی اور ذہنی مطابقت نہیں رکھتا اور متبادل قیادت کی تلاش میں ہے۔ انہوں نے کہا سندھ میں گورننس کا فقدان ہے گزشتہ طویل عرصہ سے حکومت ہے اور انہیں بھرپور مواقع ملے لیکن انہوں نے عوام کو مایوس کیا۔ سندھ کے دیہی علاقوں میں متبادل قیادت پیش کی گئی۔ تو ایک بہت بڑا طبقہ ہمارے ساتھ جڑنے کے لئے تیار ہے۔ عمرکوٹ اور مٹھی کے حالیہ جلسے اور ان میں عوام کی پھرپور شمولیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ عوام پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔پی ٹی آئی اب سندھ میں بھی داخل ہو چکی ہے۔اور 2023 کے انتخابات میں سندھ میں بھی پی ٹی آئی کو واضح اکثریت ملے گی۔ ارباب رحیم ،غوث علی شاہ اور مظفر علی شاہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں جبکہ سندھ سے دیگراہم شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت متوقع ہے۔  اس موقع پر قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی و مخدومزادہ زین حسین قریشی کو اسمبلی آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں مخدوم صاحب کا سندھ کے لوگوں کے ساتھ سیاسی و روحانی تعلق ہے اورسندھ کے عوام انہیں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقعہ پر پی ٹی آئی کے ایم این اے ج پرکاش لوھانہ، اراکین سندھ اسمبلی فردوش شمیم نقوی، خرم شیر زمان، پارلیمانی لیڈر بلاول غفار، جمال صدیقی، ڈاکٹر سعید آفریدی، ملک شہزاد اعوان، ارسلان تاج، صدرہ عمران، ادیبا پی ٹی آئی رہنما حاجی مظفر شجراع سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سندھ اسمبلی میں پہنچے جہاں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی و پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی نے والہانہ خیر مقدم کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اراکین سندھ اسمبلی سے پارٹی امور اور سندھ کی صوبائی سیاست پر گفتگو کی۔ بعد ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سندھ اسمبلی کے ہال کا مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن