رحیم یارخان(بیورورپورٹ)شیخ زیدمیڈیکل کالج وہسپتال سے فارغ کئے گئے ڈاکٹرز نے ایڈہاک میں توسیع اورمستقل آرڈر نہ ہونے کے خلاف سوموار سے آئوٹ ڈور سروس کے ساتھ انڈورسروسز بندکرنے کی دھمکی دے دی، کسی بھی ڈاکٹرکو نوکری سے فارغ کیاگیا تو وائی ڈی اے بھرپورمزاحمت کریگی اوراحتجاج کا دائرہ جنوبی پنجاب کے ساتھ اپر پنجاب تک وسیع کردیگی ۔وائی ڈی اے کے چیف پیٹرن ڈاکٹر شبیراحمد وڑائچ اورصدر ڈاکٹر عاطف نواز چانڈیہ کا اوپی ڈی کے سامنے ڈاکٹرز کے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب ۔انہوں نے کہاکہ شیخ زید ہسپتال میں ایک عرصہ سے ایڈہاک پرکام کرنے والے 221میل وفی میل ڈاکٹرز جنہوں نے کرونا وارڈ میں اس وقت اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ڈیوٹیاں دیں جب سینئرڈاکٹرز ڈیوٹی کرنے سے خائف تھے اب ان ڈاکٹرز کا ایڈہاک ختم ہوا تو بجائے اس کے کہ انکو مستقل کیاجاتا فارغ کردیا گیاہے جس کی وائی ڈی اے شدید مذمت کرتی ہے۔ڈاکٹر شبیراحمدوڑائچ اورڈاکٹر عاطف نواز چانڈیہ نے کہاکہ ایک ہفتہ سے یہ ڈاکٹرز او پی ڈی کے سامنے اپنے حق کے حصول کے لیے احتجاج کررہے ہیں جس سے وارڈز میں کام ٹھپ ہوگیا ہے مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ بے حس ہوچکی ہے ، انہوں نے کہاکہ اب ایڈہاک میں توسیع نہیں مستقل آرڈر لیں گے ۔ احتجاجی مظاہرہ اوردھرنا سے چیئرمین وائی ڈی اے ڈاکٹر انعام الرحمٰن ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرہ بازی کی اوراحتجاجی دھرنا دیا۔