وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت بہتر تعلیم اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھا کر انہیں ایک قیمتی اثاثہ بنایا جاسکے۔انہوں نے اسلام آباد میں نوجوانوں کے امور کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان افراد ہی معاشرے میں کسی بھی تبدیلی کے اصل محرک ہوتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے نوجوانوں کی توانائیاں مثبت سمت میں بروئے کار لانے پر توجہ دے رہی ہے۔وزیراعظم نے زندگی کے ہر شعبے میں نوجوانوں کی شمولیت یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ اعلی اہداف کے حصول میں ان کی مدد کی جاسکے۔اس سے قبل نوجوانوں کے امور کے بارے میں معاون خصوصی نے کامیاب جوان پروگرام کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ دو سال قبل شروع کی گئی یوتھ انٹر پرینیئر سکیم کے تحت تئیس ارب روپے کے سولہ ہزار چھ سو رعایتی قرضے دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان مہارت سب کے لئے پروگرام کے تحت چار ارب ستر کروڑ روپے کے ایک لاکھ سے زائد اسکالرشپ دیئے گئے۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نوجوانوں کے فائدے کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت پانچ مزید اقدام شروع کئے جارہے ہیں۔ان نئے پروگراموں میں ایک سو چھ جامعات میں کامیاب جوان مراکز کا قیام، گرین یوتھ موومنٹ، کامیاب جوان انوویشن لیگ، کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس لیگ اور کامیاب جوان سپورٹس اکیڈمیز اور سپورٹس گالہ شامل ہیں۔