کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کالا بورڈ سے سعودآباد چورنگی تک سڑک، سیوریج، برساتی نالہ اور پانی کی نئی لائنیں ڈالی جارہی ہیں،سعودآباد سے جناح اسکوائر تک ڈیڑھ کلو میٹر سڑک کی بحالی کا کام بھی کیا جارہا ہے، ترقیاتی کام کراچی نیبرہوڈ امپروومنٹ پروگرام کے تحت کیا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر کالا بورڈ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اورمتعلقہ افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کالا بورڈ سے سعودآباد چورنگی سڑک اور سیوریج نظام کی بحالی کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک تین اعشاریہ دو کلو میٹر کا ایریا ہے جس پر دو رویہ سڑک کی تعمیر نو کی جارہی ہے، سڑک، سیوریج اور برساتی نالہ کی بحالی کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہر کے ہر حصے میں جہاں جہاں مسائل ہیں انہیں جلد از جلد حل کرنے کی کوشش جاری رکھے گی اور ہر ممکن کوشش ہے کہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ شہر کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی کام اور سڑکوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے گی جس سے سفر کے دوران آمدورفت میں شہریوں کو سہولت ملے گی۔