کراچی (نیوز رپورٹر)شہر قائد میں گذشتہ ماہ اکتوبرمیں مختلف مقامات پر ڈکیتیوں کے دوران 81افراد جاں بحق اور 347زخمی ہوئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں 830موبائل فونز اور 3 گاڑیاں شہریوں سے لوٹ لی گئیں جبکہ 67گاڑیوں اور 1389موٹر سائیکل چوری ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ درحقیقت اصل تعداد کئی گنا زائد ہے تاہم شہریوں کی جانب تھانے کا رخ کرنے اور ایف آئی آر درج کرانے میں ہچکچاہٹ کے سبب اصل تعداد ریکارڈ پر نہ لائی جا سکی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مختلف پولیس مقابلوں میں 92ڈاکو ہلاک اور 792زخمی جبکہ 6950کو گرفتار کیا گیا۔ گذشتہ ماہ کے دوران 5023ہتھیار برآمد کیے گئے جس میں 16ایس ایم جی 4729پستول 44رائفلیں اور 234شارٹ گن شامل ہیں۔ کراچی پولیس نے گذشتہ ماہ کے دوران چرس، آئس، ہیروئن اور کرسٹل سمیت کئی ہزار کلو گرام منشیات بھی برآمد کیں اور 6676منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ گٹکے کے خلاف کارروائیوں کے دوران 2743گٹکا فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 20390کلو گٹکا برآمد کیا گیا۔