وزیر آباد (نامہ نگار) عمران خان پر حملے کا معاملہ میں پولیس تھانہ سٹی نے مقدمہ درج کرنے سے مسلسل لیت و لعل سے کام لیتے ہوئے درخواست وصول نہ کی۔ پی ٹی آئی قیادت نے کل دوبارہ آنے کا عندیہ دیا ہے۔ پی ٹی آئی لانگ مارچ پر حملہ کے معاملہ پر مقدمہ کے اندراج کے لیے تھانہ آئی ٹیم کو 5 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا تھانہ سٹی وزیرآباد میں واقعہ کا مقدمہ درج نہ ہوا، صبر کا دامن چھوٹنے پر پولیس سٹیشن کے باہر کارکنوں نے زبردست احتجاج کیا اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔ درخواست کے مدعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی لاہور زبیر نیازی نے کہا کہ ہم کپتان کے نامزد کردہ ملزمان کے خلاف ہی مقدمہ درج کروائیں گے۔ مقامی پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ ایس ایچ او عامر بھدر قانونی تقاضے پورے نہیں کر رہا، زبیر نیازی نے کہا کہ مقدمہ کا اندراج ہمارا قانونی حق ہے، اگر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو دن کی روشنی میں دوبارہ آئیں گے اور کسی صورت اپنے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ درخواست میں ملزم نوید احمد نامعلوم افراد، ان کے سہولت کاروں سمیت ملک کی تین بااثر شخصیات کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس نے درخواست وصول کرنے کا حوصلہ ہی نہیں کیا۔ ڈی پی او گجرات سید غضنفر علی شاہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ فائرنگ سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی ایف آئی آر سی ٹی ڈی تھانہ گوجرانوالہ میں درج ہو گی اور واقعہ کی تحقیقات بھی سی ٹی ڈی کرے گا۔ جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا چیف منسٹر پنجاب نے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بھی تشکیل دینے کا حکم جاری کردیا ہے۔ ملکی قومی قیادت پر حملہ قابل افسوس ہے۔ تحقیقات جیسے جیسے آگے بڑھے گی مزید حقائق سامنے آئیں گے۔