اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پی ٹی آئی کی احتجاجی کال پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر آباد واقعہ کے بعد پی ٹی آئی کی بھرپور مہم جوئی اور عمران خان کی کال کو عوام نے یکسرمسترد کر دیا ہے۔ درجن بھرکارکنوں کے علاوہ احتجاج میں عوام کی عدم شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے عوام کو پی ٹی آئی کے فتنہ اور انتشار کی حمایت حاصل نہیں، پاکستان کے عوام رواداری، عزت اور احترام کی سیاست اور جمہوری رویوں پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دو روز سے پولیس کی پروٹیکشن اور صوبائی حکومتوں کی ایما کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کا سڑکیں بلاک کرنا اور قومی شاہراہوں کو بند کرنا قابل مذمت اور باعث شرم ہے۔ پی ٹی آئی اپنی فسطائی سیاست کی ناکامی کا غصہ عوام کو مشکلات اور تکلیف میں ڈال کر نکال رہی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے عوام انتہائی مشکل کا شکار ہیں۔ اپنی منزلوں پر پہنچنے سے قاصر ہیں، مریض ہسپتالوں کا رخ نہیں کر سکتے کیونکہ پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کی وجہ سے سڑکیں اور شاہراہیں بند ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ عمل انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ پنجاب حکومت کی خاموشی اور احتجاجی کارکنوں کے اس غیر قانونی عمل میں معاونت قابل مذمت ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی حکومتیں مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں، وزارت داخلہ کے ذریعے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے صوبائی حکومتیں عوام کو تکلیف پہنچانے اور قومی شاہراہوں کو بند کر نے کے عمل کو فی الفور روکیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو ہدایت کی جاتی ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیکر تادیبی کارروائی کریں۔