لاہور (نیوز رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد اور ان کی ویڈیو کے معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے نوٹس لیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیادیں شرفِ انسانی، خاندان کی تعظیم اور چادر و چار دیواری کی حرمت و تقدیس کے اقدار پر اٹھائی گئیں۔ برہنہ کرنے، زیرِ حراست تشدد کا نشانہ بنانے اور اب ایک ویڈیو کے ذریعے اعظم سواتی کی اہلیہ کی پردے چاک کرنے سمیت ریاست کے ہاتھوں میں ان کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ ان تمام اقدار کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ نہایت صدمہ انگیز، پر لے درجے کی قابل نفرت و کراہت اور قابلِ مذمت ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ خدا کرے کبھی کسی انسان کو اس سب سے نہ گزرنا پڑے۔ میری چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا ہے کہ وہ اس معاملے کا از خود نوٹس لیں۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایماء پر میں اعظم سواتی کی گھر کی دہلیز تک محدود، مکمل طور پر غیر عوامی اور تہجد گزار محترمہ اہلیہ سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ انہیں اس کرب، اذیت اور توہین و ذلت کے ناروا احساس کا بوجھ اٹھانا پڑا۔
سواتی پر تشدد کے بعد ویڈیو قابل مذمت ، چیف جسٹس نوٹس لیں : عمران
Nov 06, 2022