لاہور (خصوصی نامہ نگار) بحرین ڈائیلاگ فورم کے زیر اہتمام ہونے والی تین روزہ کانفرنس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جنگوں کو ختم کر کے انسانیت کی بقائو سلامتی کی طرف مشرق ومغرب کے ممالک توجہ دیں، روس، یوکرائن جنگ کو بند کر کے مذاکرات کیے جائیں۔ بین المذاہب و بین المسالک مکالمہ سے ہی دنیا میں خوشحالی و ترقی ممکن ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں اور بڑھتی ہوئی غربت کے خاتمے کیلئے مغربی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تمام مذاہب امن و سلامتی کا درس دیتے ہیں۔ کانفرنس بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی سرپرستی، بحرین مذہبی کونسل کی میزبانی میں ہوئی۔ کانفرنس میں پوپ فرانسس، شیخ الازہر احمد الطیب، پاکستان سے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور دنیا اسلام کے اہم ترین ممالک کے مفتیان عظام و علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ کانفرنس کے بعد چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور ان کے ولی عہد شہزادہ سلمان کی قیادت میں مملکت بحرین نے ایک درست سمت قدم اٹھایا ہے اور ہم بحرین فورم ڈائیلاگ کے سرپرستی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی، مجلس حکماء المسلمین اور پاکستان کے علماء نے میثاق پاکستان، میثاق اخوت انسانی اور پیغام پاکستان جیسی دستاویزات کو دنیا کے سامنے پیش کر کے اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کیا ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ملکوں اور لوگوں کے درمیان نفرت اور نفرت کو پھیلانے والے رحجانات کو دور کیا جائے۔ اس طرح کے فورم حقائق کو سامنے لانے اور انتہا پسندی کی وجوہات ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کو روکنے اور فرقہ وارانہ گروہوں کا مقابلہ کرنے اور بے نقاب کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
دنیا روس یوکرائن جنگ بند کر کے مذاکرات، نفرتوں کا خاتمہ کرائے: طاہر اشرفی
Nov 06, 2022