کراچی ( نیوز رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی دارلعلوم نعیمیہ کے دورہ کے موقع پر معروف عالم دین مفتی منیب الرحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال،شہر قائد کی تعمیر وترقی کے اقدامات،بین المسالک ہم آہنگی اور اس ضمن میں علمائے کرام کے کردار پر بات چیت کی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں مفتی صاحب سے رہنمائی لینے حاضر ہوا ہوں،ان کی دینی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں، مفتی صاحب نے ہمیشہ بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کام کیا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ علمائے کرام مختلف طبقات کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ میں ہر کسی کے پاس جائوں گا تاکہ صوبہ کی تعمیر و ترقی کے لئے ان کا تعاون حاصل ہوسکے، انہوں نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون ومشاورت سے کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ مفتی منیب الرحمان نے گورنر سندھ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سب کا شہر ہے اس کی ترقی کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ مفتی صاحب نے مزید کہا کہ شہر قائد کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات میں گورنر سندھ کی بھرپور حمایت کریں گے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین عبدالقادر خانزادہ، وسیم آفتاب، عبدالحسیب، سلیم تاجک ، طحہ احمد خان، دارالعلوم نعیمیہ کے اساتذہ اور علمائے کرام بھی موجود تھے۔
تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے : گورنر سندھ
Nov 06, 2022