راولپنڈی( محبوب صابر سے) راولپنڈی شہر وکینٹ کے قبرستانوں میں تدفین کی جگہ ختم ہوگئی ، شہریوں کو اپنے پیاروں کو نئی قبروں میں دفنانے مشکلات پیش آنے لگی ہیں، ہارلے سٹریٹ، بابا گوہر علی شاہ قبرستان، پیرودہائی،ڈھوک کھبہ،عیدگاہ، خیابان سرسید،ڈھوک رتہ،ڈھوک حسو،ہارلے سٹریٹ،کری روڈ، ڈھوک چراغ دین،شاہ ٹاہلیاں، ریس کورس الہ آباد اور دیگر قبرستانوں میں جگہ ختم ہونے کے باعث نئی قبر کی گنجائش کم ہی ملتی ہے جگہ ختم ہونے کے باعث ان قبرستانوں میں پرانی قبروں کے اوپرہی نئی قبریں بنانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، کچھ عرصے میں ہی اپنے پیاروں کی آخری آرام گاہ کی تلاش کرنا تو جیسے ناممکن جائے گا،قبرستان انتظامیہ بھی اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے اور گورکن بتاتے ہیں کہ نئی قبروں کیلئے جگہ دستیاب نہیں ہیں شہری مشکل میں آتے ہیں اورکسی بھی طرح قبر کیلئے جگہ بنانے کیلئے کہتے ہیں اور اس کیلئے پیسے بھی دیتے ہیں جس کے باعث لاوارث اور پرانی قبروں کے اوپر ہی نئی قبریں بنا دی جا تی ہیں۔، یا پھر جس کا کوئی عزیز رشتہ دار فوت ہو تا ہے تو ان کی رضامندی سے ان کے ہی کسی عزیز رشتہ دار کی قبر نئی کی جاتی ہے جو عرصہ پرانی ہو چکی ہوتی ہے ،شہریوں نے اس حوالے سے کہاکہ منتخب نمائندوں نے درخواست کے باوجود اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ضرورت اس امر کی ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 10سے 12نئے قبرستانوں کیلئے جگہ مختص کی جائے تا کہ مشکلات میں کمی آ سکے۔