عمران خان فرسٹریشن کا شکار‘ توپوں کا رخ قومی سلامتی کے اداروں کی طرف کر دیا‘ گفتگو پی ٹی آئی نے انتہا پسندی کو پروان چڑھایا: احسن اقبال


نارووال‘ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے حلقہ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے عمران خان کی فرسٹریشن اتنی بڑھ گئی ہے کہ انہوں نے اب اپنی توپوں کا رخ سیاسی مخالفوں سے ہٹا کر پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کی طرف کر دیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جو واقعہ ہوا اس کی ہم نے بھرپور مذمت کی ہے۔ پاکستان میں سیاست کے اندر اس طرح کے واقعات کی قطاً اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عمران خان آج جس چیز کا شکار ہوئے ہیں یہ وہی رجحان اور رویہ ہے جس کی انہوں نے 2017-18ء میں آبیاری کی تھی، دریں اثناء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سب کیمپس کا قیام نارووال میں عمل میں لایا جائے گا تاکہ اس علاقے میں معیاری زرعی تعلیم و تحقیق کو فروغ دے کر ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد،محکمہ زراعت توسیع پنجاب اور علی اکبر گروپ کی باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والے کسانوں کے عظیم اجتماع سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے لئے حکومت نے  1800 ارب کا پرائم منسٹر زرعی پیکج اجرا کیا ہے۔
احسن اقبال

ای پیپر دی نیشن