اسلام آباد میں بارش، برفباری سے ناران روڈ بند، پنجاب کیلئے الرٹ جاری 

Nov 06, 2022



اسلام آباد+ بالا کوٹ+ لاہور (اے پی پی+ کلچرل رپورٹر) جڑواں شہروں میں  تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش، آسمانی بجلی سے درخت خاکستر ہوگیا۔ سڑکوں پر پانی جمع جبکہ کئی درخت گر  گئے۔ گزشتہ  شام اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا اور کئی درخت ٹوٹ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار کو خیبر پختو نخوا اسلام آباد شمالی بلوچستان بالائی وسطی پنجاب کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہا ڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پی کے، کشمیر اور گرد ونواح میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ خیبر پختو نخوا اور بالائی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش خیبر پختو نخوا، پشاورسٹی30، ائرپورٹ18)،کالام 29، چراٹ 22، دیر(بالائی19، زیریں05)، کاکول13، مالم جبہ، دروش 11، پٹن09، چترال 08، میرکھانی، مردان، سیدو شریف07، بنوں، بالاکوٹ05،  گلگت بلتستان: بابوسر07 ،گلگت، استور01، کشمیر: مظفر آباد( ائرپورٹ 02،سٹی 01)،گڑھی دوپٹہ01 اور پنجاب: اٹک میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بالاکوٹ میں بارش، بالائی علاقوں ناران، بابو سر ٹاپ، شوگران میں برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔ پولیس نے ناران سے آگے بابو سر ٹاپ تک 4چوکیاں بھی ختم کر دیں۔ شاہراہ کاغان کو ناران سے آگے کے لئے بند کر دیا۔ ڈی ایس پی بالاکوٹ سراج خان نے بتایا کہ ناران سے آگے بٹہ کنڈی بیسل گیٹی داسو بوڑاواہی میں قائم پولیس کی چوکیاں ختم کر دی گئیں۔ پنجاب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔  آج سے پیر تک پنجاب کے شمالی وسطی اور جنوبی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
بارش امکان

مزیدخبریں