رائے ونڈ+سندر (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) عالمی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب مولانا ربیع الحق بنگلہ دیش، بھائی فاروق بگلور،مولانا زبیر الحسن آف انڈیا، مولانا محمد ابراہیم دیولہ و دیگر نے کہا کہ اللہ نے دعوت و تبلیغ کا پیغام نبی اکرمؐ کے ذریعے پوری امت تک پہنچایا، یہ پیغام تمام زمانوں کیلئے تھا، اس پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا اب امت محمدیؐ کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس پیغام کو مان کراللہ کو راضی کر کے جنت حاصل کر لیں یا نہ مان کر اللہ کی ناراضی کے نتیجہ میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جہنم خرید لیں، یہ صرف ہم پر منحصر ہے اور یہ اجتماع اس پیغام کو سمجھنے اور سمجھانے کی تربیت گاہ ہے، یہاں کسی کا کوئی فرقہ نہیں،کوئی تنقید نہیں کی جاتی، صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کی بات کی جاتی ہے، کہ یہ دنیا موت کی تیاری کی جگہ ہے۔ انسان جو کچھ بھی کرے صرف یہ سوچ ذہن میں رکھ لے کہ وہ آخرت کی تیاری کر رہا ہے تو انسان کے سارے مسائل اللہ خود بخود ہی ختم کر دے گا۔ حضور اقدسؐ نے قسم کھا کر فرمایا کہ تم امت مسلمہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے رہو، یہ دنیا فانی ہے اور یہ چند دنوں کی ہے آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے۔ ظالموں کو ظلم سے روکتے رہو اور حق بات کی طرف کھینچ کرلاتے رہو، تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کے لیے نکالے گئے ہو، تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہو اور اللہ تعالی پر ایمان رکھتے رہو، مسلمان بھائی وزندگی فانی ہے، اس پر ایک سیکنڈکا بھی بھروسہ نہیں ہے۔ دین سیکھنے میں پہل کرنے والوں کے لیے اللہ تعالیٰ نے جنت کی بشارت دی ہے۔ شہر، قصبوں، گاؤں گاؤں اور گلی، محلوں میں پھیل جاؤ اور چھوٹوں سے لے کر بڑوں تک دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دے کر انکو دین پھیلانے، سیکھانے کے عمل میں شامل کر کے اللہ تعالیٰ کے دربار میں بلندی کے مراتب حاصل کرنے والے بن جاؤ، تیسرے روز اجتماع میں شرکاء کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ اجتماع گاہ کی سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردئیے، اختتامی دعا میں 10لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ علاوہ ازیں اجتماع میں شریک ہزاروں افراد نے اپنی زندگیاں دعوت وتبلیغ کیلئے وقف کرنے کا عزم کیا، علماء اکرام کے بیانات سن کر ہزاروں افراد نے اپنی زندگیوں میں حیرت انگیز طور پر تبدیلیاں لانے کا عزم کیا۔ عالمی اجتماع آج (اتوار) اختتامی دعا کے بعد اختتام پذیر ہو جائے گا، اختتامی دعا سے قبل مولانا محمد ابراہیم دیولہ کارکنان کو خصوصی ہدایات دینگے جبکہ اختتامی دعا بھی مولانا محمد ابراہیم ہی کروائیں گے۔ اجتماع کا دوسرا مرحلہ جمعرات 10نومبر کو شروع ہو گا۔
تبلیغی اجتماع