مقبوضہ کشمیر کے عوام نے لازوال قربانیاں دیں:سپیکرقومی اسمبلی  

Nov 06, 2022



اسلام آباد(خبرنگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ آزادی کی خاطر مقبوضہ کشمیر کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج  کے ہاتھوں شہید ہونے والے  نہتے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جاے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی  اپنی حق خودارادیت کی جدو جہد کے ذریعے مقبوضہ  کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر  برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار  امن کا قیام ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 6 نومبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ آج کا دن 6 نومبر  کے اس اندوہناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے جب ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ  کی افواج نے جموں اور اس کے ارد گرد کے علاقوں سے پاکستان ہجرت کرنے والے ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے بل بوتے پر قبضہ مہذب معاشرے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے منافی ہے۔
 زاہد اکرم

مزیدخبریں