اسلام آباد (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ ) عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ گزشتہ روز گرفتار ہونے والے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، فواد چودھری کے دونوں بھائی اور بیوی حبہ چودھری کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ دوران سماعت پولیس نے عدالت کو بتایا کہ فواد چودھری کو ظہیر نامی شخص کی ایف آئی آر پر گرفتار کیا گیا ہے، فواد چودھری نے شہری سے نوکری دلوانے کے وعدے پر 50 لاکھ لیا تھا، پولیس نے عدالت سے 50 روزہ ریمانڈ کی استدعا کر دی۔سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی اہلیہ حبہ فواد نے کہا ہے کہ آج پتہ چلا کہ فواد چودھری پر کیا ایف آئی آر ہے۔ حلفاً کہتی ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ہے‘ اگر ایسا کچھ ہوتا تو پی ڈی ایم ہمیں چھوڑتی؟ کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کی اہلیہ حبہ فواد نے مکہا کہ آج فواد چودھری کوعدالت میں پیش کیا گیا۔ ہمیں بتایا ہی نہیں گیا کہ انہیں کس کس کیس میں گرفتار کیا گیا۔
عدالت نے فواد چودھری کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا
Nov 06, 2023