راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ حافظ محمد سعد حسین رضوی نے کہا کہ قبلہ اول کی حفاظت امت مسلمہ پر فرض ہے۔ بیت المقدس مسجد الاقصی قبلہ اول کی آزادی جہاد کے بغیر ممکن نہیں۔ ہم دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بزدلی، غفلت دورکریں۔ اس مشکل ترین کٹھن وقت میں متفق و متحد ہوکر مظلوم فلسطینی مسلمان بھائیوں کیلئے پراثر مضبوط توانا آواز اٹھائیں۔ اسرائیل عرصہ 75 سال سے مسلسل فلسطینی مسلمانوں کو کھلی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔ بیت المقدس کی حفاظت کیلئے ہم اپنا تن من دھن قربان کرنے کیلئے عملی طور پر تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیض آباد میں طوفان الاقصیٰ ملین مارچ کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی نائب امیر علامہ پیر سید ظہیر الحسن شاہ بخاری، مرکزی ناظم اعلی علامہ غلام غوث بغدادی، پنجاب کے امیر علامہ پیر سید عنایت الحق شاہ سلطانپوری، کے پی کے امیر علامہ ڈاکٹر محمد شفیق آمینی، مرکزی شوری کے رکن خطیب الاسلام علامہ فاروق الحسن قادری، پیر سید سرور حسین شاہ سیفی، علامہ عمیر الازہری، چوہدری رضوان سیفی اور دیگر مرکزی شوری کے ارکان اور دیگر علماءکرام ومشائخ عظام موجود تھے۔ حافظ سعد رضوی نے طوفان الاقصیٰ مارچ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ حکومت پاکستان فلسطینیوں کی عملی مدد کا اعلان کرے۔ ہم اعلان کرتے ہیں کہ گریٹر اسرائیل کے راستے میں رکاوٹ بنیں گے۔ اس وقت قبلہ اول کے تحفظ کا وقت ہے۔ اس وقت دشمن کو پاکستان کو اﷲ کی دی ہوئی طاقت دکھانے کا وقت ہے۔ ہم فلسطین کیلئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے کو تیار ہیں۔ اسماعیل شہید سن لیں آپ کے مشن کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں۔ ادھر حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے ٹی ایل پی کے طوفان الاقصیٰ مارچ سے ویڈیو خطاب میں کہا ہے کہ پاکستانیوں کا فلسطینیوں اور قبلہ اول سے نظریاتی تعلق ہے۔ عالمی تنازعات میں پاکستان کے م¶قف کو اہمیت حاصل ہے۔ اسرائیل کا گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چور کر دیا ہے۔ فلسطینیوں کے حق میںآواز بلند کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔قبل ازیں تحریک لبیک پاکستان کا طوفان الاقصی ملین مارچ جناح ایونیو پر چائنا چوک کی طرف گامزن تھا تحریک لبیک پاکستان کی بسوں کو سیونتھ ایونیو سے پہلے ہی روک دیا گیا۔ تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان نے فلسطینی و پاکستانی پرچم تھامے واک تھرو گیٹس سے گزر کر پیدل چائنا چوک کی طرف رخ کیا۔ نماز مغرب کے بعد تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی سٹیج پر پہنچ گئے۔ حافظ سعد رضوی کی سٹیج آمد پر پنڈال نعروں سے گونج اٹھا۔ جلسے کے شرکاءنے لبیک یااقصی، لبیک یا اقصی اورسبیلنا سبیلنا الجہاد الجہاد کے نعرے لگائے۔