عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح، خیبر پی کے کے ہسپتال رول ماڈل، مسائل حل کرینگے: وزیراعظم

Nov 06, 2023

پشاور (بیورو رپورٹ) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجحات میں شامل ہے۔ خیبر پی کے کے ہسپتالوں کے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی کی گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کے ساتھ وزیراعظم ہا¶س اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور صوبے میں دیگر صحت کے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے وزیر اعظم کو سوینئر کے طور پر خیبر پاس کا ماڈل تحفہ پیش کیا جبکہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ کا کتابچہ بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ریکارڈ تبدیلیوں میں اور ترقیاتی کاموں پر گہری خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ کی انتھک محنت اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں کہا کہ میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال سے واقف ہوں اور خیبر پختونخوا میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال ایک رول ماڈل ادارے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی نے ان کو مستقبل کے مزید ترقیاتی کاموں کی فہرست و تفصیلات پیش کیں جو بجٹ میں کمی کی وجہ سے پوری نہیں ہو رہےں جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا کی حکومت سے مزید بجٹ کی منظوری کے حوالے سے بات کریں گے۔ مزید برآں ڈاکٹر ظفر آفریدی نے وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے دورہ کی دعوت دی جو وزیراعظم نے قبول کر لی۔

مزیدخبریں